لاہور کا کامیاب جلسہ دیکھ کر لیگی وزراء بوکھلا اٹھے: وسیم خان بادوزئی
ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر وسیم خان بادوزئی نے کہا کہ جلسہ لاہور کی کامیابی پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ عوام کے جم غفیر کو دیکھ کر لیگی وزراء بوکھلا اٹھے ہیں اور ان پر غشی کے دورے پڑنے شروع ہو گئے ہیں۔ ابھی تو یہ الیکشن مہم کا آغاز ہے آگے دیکھیں ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔ وہ گزشتہ روز پی پی 213 یو سی 61 بکھر عاربی میں بستی خداداد کے علاقے غنی چوک پر ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ بیرسٹر وسیم خان نے کہا کہ عمران خان کا اس سوئی ہوئی قوم پر ایک احسان ہے کہ اس نے اپنے مفادات قربان کر کے اس قوم میں ایک شعور بیدار کیا اور کرپشن کے خلاف ایک جہاد کا آغاز کیا جس کے نتیجے مں آج کے حکمران جو خدا بن بیٹھے تھے عدالتوں کے دھکے کھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ لاہور نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کی ذات پر اندھا یقین کرتے ہیں اور عمران خان نے اپنے خطاب میں جو نکات پیش کئے وہی ہمیں ایک عظیم قوم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ اس کنونشن کے موقع پر مڑل ‘ اوڈھ‘ خان اور رانا برادری کے زعما نے ن لیگ چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اور وسیم خان بادوزئی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ کنونشن سے عامر خان بادوزئی‘ چودھری آصف ارشاد‘ یعقوب اوڈھ‘ یوسف ‘ شہباز مڑل‘ رانا وقاص‘ مہر رمضان سیال‘ افضل بھٹہ‘ جی ایم بلوچ ‘ مخدوم ذوالقرنین شاہ اور صدر یوسی 61 محمد عثمان نے بھی خطاب کیا۔