خواجہ سرا نے ناراض دوست کے گھر کے سامنے خود کو آگ لگالی
خانگڑھ‘ مظفرگڑھ (نمائندہ نوائے وقت‘ خبر نگار‘ نامہ نگار) روٹھے دوست کومنانے کیلئے خان گڑھ کے خواجہ سرا نے گھر کے سامنے بھرے بازار میں خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی 'آگ نے دکانوں کی چھپڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا 'دکانداروں نے مل کر آگ بجھائی 'اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122اور خانگڑھ پولیس موقع پر پہنچ گئی 'تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل۔تفصیل کے مطابق خانگڑھ کے نواحی محلہ چاکی والا کے رہائشی خواجہ سرا آصف کی ندیم زرگر سے دوستی چل رہی تھی تاہم چندروز قبل دونوں میں کسی بات پر ناچاقی ہو گئی جس پر گزشتہ روز خواجہ سرا آصف اپنے دوست ندیم زرگر کے گھر کے سامنے پیٹرول لے کر پہنچ گیا اور بھرے بازار میں خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔آگ نے قریبی دکانوں کے چھپر کو بھی لپیٹ میں لے لیا جبکہ دکانداروں نے مل کر پانی سے آگ کو بجھایا جبکہ خواجہ سرا شدید زخمی ہو گیا اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122نے موقع پر پہنچ کر خواجہ سرا کو مقامی ہسپتال منتقل کیا جہاں تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے ڈاکٹروں کے مطابق خواجہ سرا کا 70فی صد جسم جھلس گیا ہے خان گڑھ پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر کاروائی شروع کر دی ہے جبکہ یہاں یہ امر قابل ذکر کہ ندیم زرگر نے بھی خواجہ سرا آصف کی خاطر کچھ دن پہلے گولیاں کھالیں اور ڈسٹرکٹ ہسپتال مظفرگڑھ داخل رہا ہے۔