رنگا رنگ تقریب کیساتھ پہلی پاکستان سپر کبڈی لیگ کاافتتاح
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سٹرابری سپورٹس مینجمنٹ اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے اشتراک سے پہلی سپر کبڈی لیگ کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ لاہور میں آغاز ہو گیا۔ گذشتہ روز نشتر سپورٹس کمپلیکس کے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک کے معروف فنکاروں اور گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا جسے شائقین نے خوب سراہا۔ افتتاحی تقریب میں معروف اداکارہ ریما خان اور خالد ملک نے کمپیرنگ کے فرائض انجام دیئے۔ جبکہ نبیل شوکت، سارہ رضا، بخشی برادرز سمیت کئی نامور فنکاروں نے پرفارم کیا۔ تقریب میں سپر کبڈی لیگ کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی ایونٹ میں شریک گجرات واریئرز، گوادر بہادرز، لاہور تھنڈز، ساہیوال بلز، کراچی زور آورز، اسلام آباد آل سٹارز، پشاور حیدرز، فیصل آباد شیردلز، کشمیر جانباز اور ملتان سکندرز کے کھلاڑی، آفیشلز نے مارچ پاسٹ کیا۔ سپر کبڈی لیگ میں آج بروز بدھ کو چار میچ کھیلے جائیں گے جس میں پول اے کی گجرات واریئرز کا مقابلہ اسلام آباد آل سٹار سے، گوادر بہادرز کا مقابلہ پشاور حیدرز سے پول بی کی فیصل آباد شیر دل کا مقابلہ ساہیوال بلز جبکہ کشمیر جانباز کا مقابلہ کراچی زورآور سے ہوگا۔