پاکستان اور کینٹ کے مابین 4 روزہ ٹور میچ ڈرا
ملتان (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور کینٹ کے مابین 4 روزہ ٹور میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہو گیا۔ دوسرے اور تیسرے دن کا کھیل بارش کی نذر ہونے کے بعد چوتھے روز میزبان ٹیم نے پاکستان کی پہلی اننگز 168 کے جواب میں 39 رنز ایک وکٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں پر 209 کا مجموعہ حاصل کیا۔ جوئے ڈینلے 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 113 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سین ڈکسن نے 74 کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔ پاکستان کی طرف سے شاداب خان 2‘ محمد عامر اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔