سکھر میں بجلی کے بوسیدہ تار گرنے سے ایک شخص ہلاک
سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر کے علاقے سائیٹ ایریا کے گاؤں نہال خان کھوسو میں وہاں سے گذرنے والے ہائی وولٹیج کے تار ٹوٹ کر اچانک نیچے کھڑے لوگوں پر آگرے۔ جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ایاز علی ولد احمد کھوسو موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے ساتھ کھڑا ہوا شخص محمد ایوب ولد نثار احمد شدید زخمی ہوگیا نوجوان کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال پہنچائی گئی جو بعد ازاں ورثاء کے حوالے کردی گئی واقعہ پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور واقعہ کا ذمہ دار سیپکو حکام کو قرار دیا اور بتایا کہ علاقے سے گذرنے والے یہ تار انتہائی بوسیدہ ہوچکے ہیں جس پر ہم نے متعدد بار سیپکو حکام کی اس جانب توجہ دلائی مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی انہوں نے وزیر توانائی سے واقعہ کا نوٹس لے کر سیپکو حکام کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب واقعہ کے حوالے سے سیپکو کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا اور ان کا کہنا تھا کہ وہ ایس ڈی او نہیں کیا بتائیں, دوسری جانب نوجوان کی ہلاکت پر اس کے گھر میں کہرام برپا ہے۔