حکمرانوں نے بجٹ دھماکے کے بعد عوام پر پٹرولیم بم گرا دیا : میاں مقصود
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے بجٹ دھماکے بعد عوام پر پٹرولیم بم گرا دیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے نام نہاد عوامی نمائندوں کو غریب عوام کی مشکلات کا ادراک ہی نہیں، وہ محض اقتدار سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ 2018کے انتخابات موجودہ حکمرانو ں کے لیے ایک ڈرائونا خواب ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ دن بدن بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے اشیاء ضروریہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ ملک میں ایک طرف بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کی عوام کش ظالمانہ پالیسیوں نے کسر پوری کردی ہے۔ روزگارنہ ملنے کی وجہ سے مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کاراج ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کوپہلے ہی کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا جانے والا اضافہ فی الفور واپس لیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ ماہ صیام میں دنیا بھر کی حکومتیں مسلمانوں کو ہرلحاظ سے ریلیف فراہم کرنے کی کوششیں کرتی ہیں مگر لاالٰہ الااللہ کے نام پر بننے والے ملک میں خوب لوٹ مار کی جاتی ہے۔ رمضان المبارک کے قریب آتے ہی ناجائز منافع خور،گرانفروش اور ذخیرہ اندوز حکومتی نمائندوں کی ملی بھگت سے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیے پوری طرح سرگرم ہوجاتے ہیں۔