نوازشریف ہیلی کاپٹر پر آئے‘ شدید گرمی میں لوگوں کی بھرپور شرکت‘ 80فٹ لمبا سٹیج 15ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں‘ سارا دن بجلی غائب رہی‘ ساہیوال جلسہ کی جھلکیاں
ساہیوال (محمد اسماعیل سے) سابق وزیراعظم نوازشریف کے جلسہ میں شدید گرمی کے باوجود مختلف شہروں سے قافلوں کی شکل میں لوگوں نے بھرپور شرکت کی ۔ ٭پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ملک محمد ارشد اور سینئر مسلم لیگی رہنما ملک محمد رمضان نے انتظامات میں اہم کردار ادا کیا۔ ٭80فٹ لمبا ،20فٹ چوڑا اور 14فٹ اُونچا سٹیج تیار کیا گیا۔ ٭ساہیوال مسلم لیگ (ن) کی انتظامیہ کے مطابق جلسہ گاہ میں 15ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں ہیں۔ ٭نواز شریف جاتی عمرہ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ساہیوال پہنچے۔ ہیلی کاپٹر نے 05:55PMپر لینڈ کیا۔ ٭ہیلی پیڈ پر ایم این ایز، ایم پی ایز اور مقامی نمائندوں نے میاں محمد نواز شریف کا استقبال کیا۔ ٭میاں محمد نواز شریف کو جلسہ گاہ لے جانے کے لئے گاڑیاں اور سپیشل سکواڈ بھی ساہیوال لائے گئے۔ ٭نواز شریف پہلے صوبائی وزیر ملک ندیم کامران کے گھر گئے۔ ٭نواز شریف کے ساتھ مریم نواز، پرویز رشید اور رانا ثناء اﷲ بھی آئے۔ ٭جلسہ کی سکیورٹی کے لئے ڈویژن بھر سے 1200سے زائد پولیس اہلکاران نے ڈیوٹی کے فرائض سر انجا م دئیے ۔ ٭ضلع ساہیوال میں اس وقت 4ایم این ایز اور 7ایم پی ایز کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور عوام نے اس لحاظ سے جلسہ میں بھر پور شرکت کی۔ ٭نواز شریف کی ساہیوال آمد کے موقع پر ساہیوال بھر میں سارا دن بجلی غائب رہی۔ ٭جلسہ گرائونڈ میں دن میں جلسہ میں شرکت کے لئے آئے ہوئے لوگوں کے لئے انتہائی ناقص انتظامات کئے گئے لیکن شام کے وقت لوگوں کو پانی وغیرہ فراہم کردیا گیا۔ ٭پولیس اور سکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں نے شیخ ظفر علی سٹیڈیم کے گرد 500میٹر کے ایریا کو بالکل خاردار تاریں اور قناطیں لگا کر بند کردیا۔ ٭پولیس کی بڑی وین میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو بریانی مہیا کی گئی جس سے پولیس ملازمین نے اپنے پیٹ کی آگ کو بھجایا۔ ٭جلسہ میں شرکت کے لئے چیچہ وطنی، اوکاڑہ، پاکپتن، عارفوالہ،کمیر سمیت دیگر نواحی علاقوں سے قافلوں کی شکل میں لوگ جلسہ گاہ پہنچے۔