بنکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم کیا جائے: لاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے قومی اسمبلی پر زور دیا ہے کہ وہ بجٹ کی منظوری دینے سے قبل اس میں ضروری ترامیم اور درستگیاں کرے ۔ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس جیسے سنگین مسائل کو بجٹ دستاویز کا حصہ نہیں ہونا چاہیے وگرنہ اچھے اقدامات بھی پس پردہ چلے جائیں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ وفاقی بجٹ بحث اور منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش ہونے جارہا ہے، اراکین اسمبلی کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کا ناسور ختم کرکے کاروباری برادری کے دل جیت لیں، ودہولڈنگ ٹیکس دوہرے ٹیکس سے بھی دوقدم آگے ہے کیونکہ کاروباری برادری پہلے ہی انکم ٹیکس، سیلز ٹیکں اور بہت سے وفاقی و صوبائی ٹیکس ادا کررہی ہے، ودہولڈنگ ٹیکس سے فائدے کے بجائے نقصانات زیادہ ہورہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر دیشان خلیل نے ایک مرتبہ پھر بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کو فتنہ قرار دیتے ہوئے یہ ظالمانہ ٹیکس فورا واپس لینے کا مطالبہ کیا۔