جبر کے نظام نے مزدوروںکو آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ نظام مزدور اور محنت کش کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکا ہے۔ ظلم و جبر اور استحصال پر مبنی نظام نے سترسال میں مزدوروں اور کسانوں کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کا موقع نہیں دیا، کسانوں کی محنت کا پھل جاگیردار اور وڈیرے کھاتے ہیں اور مزدوروں کے خون پسینے کی کمائی پر سرمایہ دار عیش کر رہاہے۔ سرمایہ داروں کے کارخانے اور فیکٹریاں بڑھتے رہے جبکہ مزدور کے گھر کا چولہا بھی بجھ گیا۔ جس معاشرے میں مزدور کی عزت نہ ہو، وہ معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ نااہل حکمرانوں نے دنیا کی بہترین ایئر لائن پی آئی اے اور ریلوے کو تباہ کر دیاتھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے واشنگ لائن لاہور میں مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پروگرام سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر رانا محمود علی، صدر پریم یونین و سیکرٹری جنرل لیبر فیڈریشن حافظ سلمان بٹ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصرشریف بھی موجود تھے۔ قبل ازیں سراج الحق نے ریلوے مزدوروں کے ساتھ واشنگ لائن میں عملاً کام میں حصہ بھی لیا اور مزدوروں اور قلیوں کے ساتھ کھانا کھایا۔ امیر جماعت نے منصورہ میں مرکزی دفاتر کے سٹاف اور صفائی و سکیورٹی کے عملہ کے ساتھ ناشتہ کیا اور فرداً فرداً ان کے مسائل سنے اور مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ سراج الحق نے کہاکہ جب تک ظلم و جبر کا یہ استحصالی نظام مسلط ہے، ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ مزدور سالانہ بیس ارب ڈالر کا زر مبادلہ کما کر پاکستان بھیجتے ہیں اور یہاں بیٹھے کرپٹ حکمران وہی دولت چوری کر کے بیرونی بنکوں میں منتقل کر دیتے ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر مزدوروں کو کارخانوں اور فیکٹریوں اور کسانوں کو کھیتوں کی پیداوار میں شامل کرے گی۔ حکمران اپنا علاج بیرون ملک کراتے ہیں اس لیے انہیں تباہ حال ہسپتالوں سے کوئی سروکار نہیں۔ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم مزدوروں سے بہت محبت کرتے تھے۔
سراج الحق