ظلم کاانجام بہت ہی بھیانک اور خطر ناک ہو تا ہے،حاجی محمد امین عطاری
کراچی (نیوز رپورٹر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران باب المدینہ کراچی مشاورت حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ ظلم کاانجام بہت ہی بھیانک اور خطر ناک ہے ،ہم دنیا میں چاہے کسی پر کتنا ہی ظلم کرلیں اور بے خوف ہوکر گھومتے پھریں ،مگر مرنے کے بعد ہرظلم کا حساب دیناہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے کلثوم مسجد شاہ فیصل کالونی میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ ظلم اور غرور وتکبر کرنا اللہ پاک کو بالکل پسند نہیں ،جب کوئی نادان غرور وتکبر کے نشے میں کسی کو ظلم وستم کا نشانہ بناتا ہے تو اللہ پاک کا غضب جوش میں آجاتا ہے ، پھر ظالم چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو،اسے آخرت سے پہلے دنیا میں بھی ظالموں کیلئے نشان عبرت بنادیتا ہے ۔حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ کسی پر ظلم وستم کرنے سے اخروی عذاب کے ساتھ بسا اوقات دنیا میں بھی ظالم کو درد ناک سزا کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،ظالم کو اپنے انجام سے ہرگز بے خبر نہیں رہنا چاہئے جب دنیا میں قہر کی بجلی گرتی ہے تو ظالم لوگ ذلت کی موت مارے جاتے ہیں اور ان سے ہمدردی رکھنے والا ،ان کی موت پر آنسو بہانے والا کوئی نہیں ہوتا ،یہ تو دنیا کی ذلت ہے جبکہ آخرت کا عذاب اور بروز محشر کی رسوائی اور حساب وکتاب کا اندازہ کون لگاسکتا ہے ۔