تعلیم ترقی میں اضافہ اور اسے جدت فراہم کرتی ہے ‘ گورنر سندھ
کراچی ( وقائع نگار) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تعلیم سماجی ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور اسے جدت فراہم کرتی ہے ، قوموں کی تقدیر تعلیم کی فراہمی سے ہی بدل سکتی ہے اس ضمن میں بیٹھک اسکول نیٹ ورک پاکستان میں بنیادی تعلیم کے فروغ میں اہم ثابت ہورہا ہے ، پاکستان کے مخیر حضرات کو اس عظیم کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ،اس نیٹ ورک میں شامل تمام افراد کی خدمات قابل تقلید ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیٹھک اسکول نیٹ ورک کے زیر اہتمام منعقدہ فنڈ ریزنگ ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرسوئٹزر لینڈ کے قونصل جنرل ، بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی صدر نگہت ملک ، ممبران اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی کارکردگی قابل تحسین اور اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کے لئے جدوجہد قابل ستائش ہے ، 153 بیٹھک اسکول میں 16000 بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں جو کہ بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی انتظامیہ کی اعلیٰ کارکردگی کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ ، دور دراز علاقوں میں بیٹھک اسکول کے قیام سے ان میں رہائش پذیر بچوں کو تعلیم کی سہولیات ان کے د روازے پر فراہم ہوئی ہیں اور وہ کسی دشوار ی کے بغیر زیو ر تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی تعلیم بہت ضروری اور اعلیٰ تعلیم کے فروٖغ کی بنیاد ہے ،اچھے مقصد کا اعتراف اور سوسائٹی کے ہر فرد کی جانب سے اس جانب توجہ دینا معاشرہ میں کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے،کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سےCSR کے تحت کی جانے والی مدد سے لاکھوں افراد تعلیم اور صحت کی سہولیات حاصل کررہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے ‘اس موقع پر بیٹھک اسکول نیٹ ورک کی صدر نگہت ملک نے گورنرسندھ کو اسکول نیٹ ورک کی کارکردگی ، طالب علموں کی کردار سازی اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بتائی ۔