لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کااجلاس
لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کااجلاس صدر ارشد انصاری کی قیادت میں ہوا جس میں نائب صدرندیم بسرا،سیکرٹری افضال طالب، جوائنٹ سیکرٹری صائمہ نواز، اراکین گورننگ باڈی قمرالزمان بھٹی،رضوان خالد، عمران شیخ،شعیب عزیز، عنبرین فاطمہ اورفرقان الہی نے شرکت کی۔اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ کیفے ٹیریا ڈیفالٹرز جن کے ذمے دس ہزار روپے سے زائد کے واجبات ہیں وہ 15مئی تک اپنے ذمہ واجبات ادا کردیں وگرنہ ان کا داخلہ کیفے ٹیریا میں بند کردیا جائے گا جبکہ پانچ ہزارسے دس ہزارتک کے ڈیفالٹرز اگر 15مئی تک واجبات ادا نہیں کرتے تو ان کی سروس بند کردی جائے گی۔ کلب میں نان ممبران کا داخلہ سختی سے بندکردیا گیا جبکہ ممبران کے گیسٹ ان کی موجودگی میں کلب میں داخل ہوسکتے ہیں۔ایف بلاک کے حوالے سے سیکرٹری افضال طالب نے بتایاکہ ایف بلاک کی زمین کا قبضہ لینے کے بعد بہت جلد یہاں چاردیواری کی تعمیراور دیگر ترقیاتی کام بھی شروع ہورہے ہیں۔صدر ارشد انصاری نے ایف بلاک کی زمین کے حصول اور ترقیاتی کاموں پر وزیراعلی پنجاب اور حکومت پنجاب کے ترجمان زعیم قادری کی کوششوں کو سراہا ۔