سی سی پی او نے نبھے اور عمرو جمالے خاندان میں دیرینہ دشمنی ختم کروا دی
لاہور(نامہ نگار) سی سی پی او لاہور نے قیام پاکستان سے قبل جاری نبھے اور عمرو جمالے کی دشمنی کو ختم کرا کے دونوں گروہوں میں صلح کروا دی، یاد رہے اب تک 125افراد اس دشمنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے شہر سے غنڈہ عناصر کے خاتمے کے لیے 100بدنام زمانہ بدمعاشوں کی فہرست مرتب کر لی ہے۔ جن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں اور انشااللہ پیر سے ان بدمعاشوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے پولیس کارروائیاں شروع کر دے گی۔تقریب میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم، ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک ، ممبرصوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ، ایڈیٹر دی نیشن سلیم بخاری،ڈپٹی ایڈیٹر نوائے وقت سعید آسی کے علاوہ معروف صحافی سہیل وڑائچ، بلال قطب، توفیق بٹ، عمران خان ،بلال محمود ،شاہد قادراور دیگر موجود تھے ۔سی سی پی او نے کہا کہ لاہور میں دیرینہ دشمنیوں کے خاتمے کے لیے ایک خصوصی سیل تشکیل دیا گیا ہے ، جو دیرینہ دشمنیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کر رہا ہے اور پولیس ان دشمنیوں کو ختم کر کے صلح کروانے کے لیے صدق دل سے کام کر رہی ہے ۔معروف تجزیہ نگارو ایڈیٹر ’’دی نیشن‘‘ سلیم بخاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے صلح نامے معاشرے سے جرائم کے خاتمے اور نفرتیں کم کرنے میں اہم کرداد ادا کرتے ہیں۔پولیس کا کام جہاں جرائم کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرنا ہے ،وہیں معاشرے میں امن کی خاطر ایسے اقدامات کرنا بھی ان کے دائرہ اختیار میں ہے۔اس صلح نامے کو بنیاد بنا کرپولیس کو اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی ایڈیٹر روزنومہ ’’ نوائے وقت‘‘ سعید آسی نے کہا کہ پولیس کا خاندانی دشمنیوں میں صلح کرانا ایک عوام دوست پالیسی ہے ۔آج نفرتیں پاٹنے اور محبتیں بانٹنے کی ضرورت ہے اور پولیس کی یہ کاوش اس میں ممد ومعاون ثابت ہو گی۔اس سے پولیس کا ایک اچھا تاثرسامنے آئے گا اور تھانہ کلچرکی تبدیلی میں مدد ملے گی ۔