رائو انوار نے جرائم کے خاتمے کیلئے بہت کام کیا، صولت مرزا سے متعلق رپورٹ سیکرٹری داخلہ کو بھجوا دی، آئی جی سندھ ڈاکٹر نجیب ایس ایس پی ملیر تعینات
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف ایس ایس پی ملیر رائو انوار کا کردار سب کے سامنے ہے رائو انوار نے جرائم کے خاتمے کیلئے بہت کام کئے۔ آئی جی سندھ نے مقتول ڈی ایس پی عبدالفتح سانگری کے بارے میں بات کرتے کہا انہیں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ۔ انکی شہادت افسوسناک واقعہ ہے، جلد مجرموں تک پہنچ جائینگے۔ صولت مرز سے متعلق رپورٹ ہوم سیکرٹری کو بھجوا دی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اندرون سندھ اغوا برائے تاوان کے واقعات ختم ہو چکے ہیں کراچی میں جرائم کی شرح میں کافی حد تک کمی آئی۔ علاو ہ ازیں ڈاکٹرنجیب کو ایس ایس پی ملیر تعینات کردیا گیا۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ رائو انوار کو عہدے سے ہٹانے کے بعد پیر محمد شاہ کو اضافی چارج دیا گیا تھا۔