وادی تیراہ: جھڑپ،5 دہشت گرد ہلاک، باجوڑ میں بم دھماکہ، امن کمیٹی کے سربراہ کا بیٹا جاں بحق
وادی تیراہ+پشاور+ایبٹ آباد(نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 دہشت گرد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔ باجوڑ ایجنسی میں بم دھماکے میں امن کمیٹی کے سربراہ اور طالبان مخالف رہنما کا بیٹا جاں بحق ہوگیا۔ پشاور میں پولیس نے مکان پر چھاپہ مار کر دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے 8من بارودی مواد اور خودکش جیکٹس برآمد کرلیں، ایبٹ آباد میں بھی 3دہشت گرد گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی میں وادی تیراہ کے علاقے طوردرہ میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طوردرہ میں سکیورٹی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے اور اہم مقامات کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ دوسری طرف باجوڑایجنسی کے علاقے ناوگئی خاص میں سڑک کنارے ریموٹ کنڑول بم دھماکے میں طالبان مخالف رہنما اور امن کمیٹی کے سربراہ مولوی گل داد خان کا بیٹا جاں بحق ہوگیا۔ 42سالہ خالد خان ناوگئی خاص کے علاقے میں جا رہا تھا کہ سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے پھٹ گیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب پشاور میں پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے جبکہ 8 من بارودی مواد، ڈینونیٹراور خود کش جیکٹس برآمد کر لیں۔ سیٹھی ٹائون میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد ،ڈیٹونیٹر اور خود کش جیکٹس بنانے والے اوزار اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ 2افغان دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق افغان باشندوں نے 4 ماہ قبل سیٹھی ٹائون کے علاقے میں گھر کرائے پر لیا، دونوں دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ادھر ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب پولیس نے حساس اداروں کی رپورٹ پر ایک گھر پر چھاپہ مار کر 3 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ گھر میںموجود بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد بھی برآمد کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں ملزموں کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے، دہشت گرد ایبٹ آباد میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے، پولیس نے ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں مردان کے علاقے منگا پولیس چوکی کے قریب بم دھماکے سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ ادھر پولیس نے ہنگو کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 22مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی میں اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئیں۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی نے ہنگو میں کارروائی کرکے تین مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ گرفتار دہشت گرد بم دھماکوں، بھتہ خوری اور دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں۔