کچھ قوتیں جمہوریت پسند جماعتوں کو انتخابات سے دور رکھنے کی سازش کررہی ہیں : بلاول
کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں جمہوریت پسند جماعتوں کو انتخابات سے دور رکھنے کی سازشیں کر رہی ہیں لیکن ان عناصر کی سازشوں کو عوام اور جمہوریت کے استحکام کیلئے کوششیں کرنے والی جماعتوں کے تعاون سے ناکام بنا دیا جائے گا۔ تمام حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا جائے گا۔ وہ بدھ کو ٹیلی فون پر قائم علی شاہ سے گفتگو کر رہے تھے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ قائم علی شاہ نے بلاول بھٹو زرداری کو سندھ میں انتخابی مہم خصوصاً پیپلز پارٹی، متحدہ اور عوامی نیشنل پارٹی کے درمیان ہونے والے رابطوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پسند جماعتیں اور عوام ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی متحد ہو کر موجودہ حالات کا مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سندھ کی سطح پر ایم کیو ایم اور اے این پی سے رابطوں کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا جائے۔