ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی، 3 افراد کی پراسرار ہلاکت
لاہور، فیروز والا (نامہ نگاران) غازی آباد کے علاقہ میں ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی ہوگئے، خاتون سمیت 2 افراد پراسرار طور پر ہلاک ہوگئے۔ محمد ارشد کی 28 سالہ بیوی تین بچوں کی ماں صائمہ گزشتہ روز گھر میں پراسرار طور پر ہلاک ہوگئی۔ متوفیہ کے شوہر محمد ارشد کے مطابق صائمہ نے مجھ سے جھگڑا کرنے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر کمرے میں پنکھے سے رسی لٹکا کر اس سے گلے میں پھندا لے کر خودکشی کی ہے جبکہ متوفیہ کے ورثاءنے الزام عائد کیا ہے کہ صائمہ کو اس کے شوہر محمد ارشد نے گلا دبا کر قتل کیا ہے کیونکہ ان دونوں کا آپس میں اکثر معمولی باتوں پر جھگڑا رہتا تھا۔ بیگم کوٹ کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہوکر موٹر سائیکل سواروں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں تین نوجوان زخمی ہوگئے۔ ٹولہ سٹاپ فیروز والہ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی سائیڈ لگنے سے ایک نوجوان غلام نبی جاں بحق ہوگیا۔ فیروز والہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مریدکے کے قریب ایک عورت زخمی ہوگئی۔ لاہور روڈ پر واقع بدر نہر کے کنارے ایک 30 سالہ شخص کی نعش پڑی ہوئی پولیس کو ملی۔ فیکٹری ایریا پولیس نے اسے نشئی قرار دے کر نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھیج دی۔ ریلوے سٹیشن کے قریب 38 سالہ شخص پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ نوسر بازوں کے ہاتھوں نشہ آور شے کھانے سے ہلاک ہوا ہے۔