پولیس افسران جرائم کی بیخ کنی کیلئے کمر بستہ ہو جائیں : خرم علی
ملتان (کرائم رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا ہے کہ افسران امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور پولیس کلچر میں تبدیلی کے لئے روایتی طریقہ سے ہٹ کر کام کریں اور عوام کا اعتماد حاصل کر کے جرائم کی بیخ کنی کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے کمیٹی روم میں ضلع ملتان کے سرکل افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سید خرم علی نے کہا کہ جو علاقے جرائم کا گڑھ بن چکے ہیں ان علاقوں کو خصوصی طور پر فوکس کیا جائے۔ جرائم کی نوعیت، طریقہ کار کو سمجھتے ہوئے الگ الگ 9 ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ ایس ایچ اوز کو 3 بجے سے 5 بجے تک تھانوں میں بیٹھ کر عوام سے رابطہ رکھنے کا پابند کیا جائے اور اس دوران انہیں کسی میٹنگ یا دفاتر میں نہ بلایا جائے۔