وزیراعظم کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا صائب فیصلہ
متحدہ اتحادی ، پی پی کی ملاقات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ عمران خان۔ وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے سے روک دیا۔ 15 مارچ تک موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ۔
سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اسوقت ملک میں جوڑ توڑ کی سیاست زوروں پر ہے۔ حکومتی اتحادی ایم کیو ایم کے ووٹ اس وقت نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ گزشتہ روز پی پی کے وفد نے ایم کیو ایم کے رہنمائوں سے ملاقات کر کے انہیں اپوزیشن اتحاد کو ووٹ دینے کا کہا تھا مگر لگتا ہے یہ بیل منڈھے نہیں چڑھ سکی۔ ایم کیو ایم نے حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں میڈیا پر چلیں جس سے ہر شخص پریشان تھا۔ وزیراعظم نے فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو روکتے ہوئے 15 مارچ تک ان میں کسی قسم کا رد و بدل نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کے اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے۔ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے۔ اس طرح حکومت نے عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا۔ ویسے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اثر براہ راست تمام اشیاء پر پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ عوامی حلقوں نے وزیراعظم کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔