ثروت قادری کی ملاقات: عدلیہ‘ نیب کی فعالیت سے جمہوریت کو خطرہ نہیں: شاہ محمود

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے عدلیہ اور نیب کی فعالیت سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن حساب نہ مانگنے کو ہی جمہوریت سمجھتی ہے۔ قوم لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کرنے والوں سے تنگ آچکی ہے۔ ملک سے کرپشن کا وہی قیادت خاتمہ کر سکتی ہے جس کا اپنا دامن صاف ستھرا اور کردار بے داغ ہو، کرپشن کو سیاست سمیت تمام سرکاری اداروں سے ختم کرنے کیلئے پْرعزم ہیں۔ پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیر کی آزادی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ عالمی قوتوں کو کشمیر پر بند ر بانٹ نہیں کرنے دیں گے۔ کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ جنہوں نے ملتان میں اْن سے ملاقات کی۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا سینٹ الیکشن پیسے کا کھیل بن جانا المیہ ہے۔ پی ڈی ایم مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے۔ وطن عزیز کو مذہبی و سیاسی انتہا پسندی سے پاک ملک بنائیں گے۔ یکسا ں تعلیمی نصاب غریب عوام کے بچوں کا احساس محرومی ختم کرے گا۔ شاداب رضا نقشبندی، عمران مصطفی کھوکھر، محمد ندیم مدنی ودیگر بھی موجود تھے۔