وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستحق انڈر گریجویٹ طلباء کو میرٹ پر وظائف دینا ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست کی منزل کے حصول کی طرف ایک اور قدم ہے۔
انہوں نے پیر کی شام اسلام آباد میں احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کے لائحہ عمل کا حصہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ریاست مدینہ میں حضور اکرمۖ نے اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ معاشرے کے نادار طبقات کی دیکھ بھال کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے احساس انڈر گریجویٹ سکالر شپ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب معاشی صورتحال بہتر ہوگی تو اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے فنڈز سمیت وظائف کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔وزیراعظم نے امید ظاہر کیا کہ اس پروگرام سے وظائف حاصل کرنے والے طلبا محنت ولگن سے تعلیم حاصل کریں گے اور مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کریں گے۔انہوں نے احساس پروگرام کے تحت اس منصوبے سمیت دیگر سکیمیں شروع کرنے پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی تعریف کی۔عمران خان نے منتخب طلبا کو سکالر شپ لیٹر دیئے۔
اس سے قبل غربت میں کمی اور سماجی بہبود سے متعلق وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ وظائف شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے تاکہ مستحق طلباء تعلیم حاصل کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کی ایک سو انیس سرکاری جامعات کے مستحق طلباء کو سالانہ پچاس ہزار وظائف دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر دو لاکھ طالب علم اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔
ادھر وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مہنگائی میں کمی اور عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وفاقی کابینہ کے یوٹیلیٹی سٹورز میں اشیاء پر اعانت کے ذریعے مہنگائی میں کمی کے فیصلے کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔