شوبازی کی سیاست دفن ہو چکی، ترقیاتی کام ارکان قومی، صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے کرینگے: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ صوبے کے 8ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کا سلسلہ مکمل ہوگیا ہے۔ منتخب نمائندوں نے اپنے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں۔ آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے ترقیاتی سکیموں پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام ان کی مشاورت سے ہوںگے۔ آئندہ مالی سال کی بجٹ کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کے مثبت نتائج سامنے آئیںگے۔ بجٹ میں ہر ڈویژن کی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ترجیحات کاتعین کرنے میں آسانی ہوگی۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے عزت و احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے ۔ عوام کی خدمت کے سفر میں پوری ٹیم ایک ہوکرآگے بڑھتی جائے گی۔ منتخب نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ ماضی میں نمائشی منصوبے شروع کرکے قومی خزانہ لٹایا گیا۔ سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا۔ ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ شوبازی کرنے کی منفی سیاست دفن ہو چکی ہے۔ زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا، اب صرف کام ہوتا ہے اور ہم عمل کر کے دکھاتے ہیں۔ شہروں کے ساتھ دوردراز علاقوں میں بھی ایجوکیشن اور ہیلتھ فسلیٹز کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ آب پاک اتھارٹی کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔ 8ارب روپے مختص کیے ہیں۔ دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کام جاری رہے گا۔سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے خصوصی فنڈز دیئے جائیںگے۔ صوبائی وزیر راجہ بشارت کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنائینگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جانے والے علاقوں کوان کا حق دیںگے۔ پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہو رہا ہے۔ کسی کو میرٹ کے خلاف کام کرنے دیا ہے اور نہ کرنے دوں گا۔ کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کے لئے پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔ عوام کو لوٹنے والے مافیاز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے مافیا کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کسی دبائو کے بغیر جاری ر ہے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارنے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نو منتخب صدر طاہر نصر اللہ وڑائچ، نائب صدربیرسٹر سعید ناگرہ، سیکرٹری ہارون دوگل اور فنانس سیکرٹری ذیشان سلہریا کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ نومنتخب عہدیداران وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے لاہور کے علاقے پیر مکی کے قریب ٹرک کی زد میں آکر 3نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے اور انتظامیہ اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے اورکہا ہے کہ جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بلوچ کلچر ڈ ے پر بلوچ بھائیوںکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی ثقافت امن کی ثقافت ہے۔ میرا اپنا قبیلہ بلوچستان میں بھی آباد ہے۔