امریکہ طالبان معاہدہ سے دنیا میں امن ، پاکستان افغانستان ترقی کریں گے: شیخ رشید
کرمانوالہ (این این آئی) امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والا19سال بعد امن معاہدہ ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ اس معاہدہ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کاسہرا وزیراعظم پاکستان عمران خان کو جاتا ہے۔ جو اس معاہدہ کے بعد دنیا میں امن کے داعی کی حیثیت سے افق پر ابھرے ہیں اس معاہدہ کے فریقین بھی مبارکباد کے مستحق ہیںاور امید کرتاہوں کہ دونوں فریقین اس معاہدہ کی پاسداری کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے سابق قومی ٹکٹ ہولڈررائو حسن سکندر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا یہ کارنامہ سنہری حروف میں لکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کے بعد دنیا میں امن، خوشحالی آئے گی۔ خصوصاً افغانستان اور پاکستان میں ترقی کا دور شروع ہوگا۔ شیخ رشید نے کہا اس تاریخی معاہدہ سے پاکستان اور طالبان مخالفین کو شدید دھجکالگا ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ 2020 کا سال امن اور ترقی کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کشمیر بھی اسی سال پاکستان کاحصہ بنے گا۔ شیخ رشید نے دلی میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ہولناک سلوک پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، امن کی داعی قوتوں، عالم اسلام، انسانی حقوق کے علمبرداروں کو چاہیے کہ فی الفور اپنا کردار ادا کریں۔