پیر مکی : ٹرک نے موٹر سائیکل سوار 3دوست کچل کر مارڈالے
لاہور (نامہ نگار) بھاٹی گیٹ کے علاقے میں تیز رفتارٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار تین دوست جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق بھاٹی گیٹ کے علاقے پیر مکی دربار کے قریب گوالمنڈی کا رہائشی لڑکا ارسلان اپنے دو دوستوں احمد اور اخترکے ہمراہ موٹر سائیکل جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرک نے انہیں کچل ڈالا‘ جس سے تینوں دوست زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ڈرائیور ٹرک چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تینوں نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دیں اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ بعدازاں پولیس نے تینوں نعشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعدانہیں ورثاء کے حوالے کر دیا۔ جاں بحق ہونے والے ہونے والے تینوں دوست گوالمنڈی کے رہائشی اور محلے دار تھے۔ لاشیں گھروں میں پہنچے پر کہرام مچ گیا اور علاقے میں سوگواری کی فضاء چھا گئی۔