ججز سے کہتا ہوں آپ اپنا کام کریں اور ہمیں اپنا کام کرنے دیں, آپ ہمارا کام اپنے ہاتھ میں لیں گے تو ہمیں قانون سازی کرنا پڑے گی: وزیرماحولیات مشاہداللہ خان
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ وفاقی وزیر ماحولیات مشاہد اللہ خان نے ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا راستہ روکنے والے کامیاب نہیں ہو سکے۔ لوگوں کو اپنی اپنی حدود میں رہنا پڑے گا۔ پارلیمنٹ کو اپنا کام کرنے دیں، عدلیہ اپنا کام کرے۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ گورننس ایک ادارے نے اپنے ہاتھ میں لے لی تو ملک رک جائے گا۔ ججز سے کہتا ہوں آپ اپنا کام کریں اور ہمیں اپنا کام کرنے دیں۔ آپ ہمارا کام اپنے ہاتھ میں لیں گے تو ہمیں قانون سازی کرنا پڑے گی۔ دوران اجلاس اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج بھی کیا۔ قرض وصولی کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت خزانہ رانا افضل نے کہا کہ حکومت کسی کا قرضہ معاف نہیں کرتی۔ بنک اپنے معاملات خود چلاتے ہیں۔ ایسے کیسز میں نیب کارروائی کرسکتا ہے۔ حکومتی رکن رانا محمد حیات نے کہاکہ سیاسی حکومتوں نے کروڑوں کے قرضے معاف کیے۔ وزیرمملکت نے کرپٹ بیوروکریسی کا لکھا ہوا بیان ایوان میں پڑھ لیا۔ اسپیکرنے معاف کرائے گئے قرضوں کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا اور معاف کیے گیے قرضوں اور نادہندگان کی رپورٹ پندرہ روز میں طلب کرلی۔ کورم پورا نہ ہونے پراجلاس غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔