سیاسی جوڑ توڑ عروج پر, ایک دوسرے سے رابطے تیز، ایوان بالا کی باون نشستوں پر پولنگ کل ہو گی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد،فاٹا اور چاروں صوبوں کے ریٹائر ہونے والے 52سینیٹرز کی نشستوں کیلئے پولنگ، تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ چاروں صوبوں کی اسمبلیوں میں ہونے والی پولنگ میں سندھ اور پنجاب سے 12، 12جبکہ خیبرپختونخوا ہ اور بلوچستان سے 11، 11امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ ایوان بالا میں چیئرمین اسی جماعت کا ہوگا جسے انتخابات کے بعد اکثریت حاصل ہوگی۔ انتخابی اصلاحات ایکٹ دوہزار سترہ کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدوار آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے۔ سینیٹ الیکشن کیلئے پنجاب، سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق کے پی میں سینیٹ الیکشن کے لیے مسلم لیگ(ن) اور اے این پی کے درمیان اتحاد ہوچکا ہے، خواتین کی نشست پر اے این پی کی رکن کو منتخب کرایا جائے گا، تحریک انصاف کی اتحادی جماعت بھی ساتھ دینے کیلئے تیار ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن کی اکثریت ہے، سندھ اور بلوچستان میں بھی اپوزیشن جماعتوں نے رابطے تیز کر دئیے ہیں۔ سندھ اسمبلی کیلئے پاک سرزمین پارٹی ، مسلم لیگ فنکشنل اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی ملاقاتوں میں ایک دوسرے سے تعاون کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔