شاہین ایئر پاکستان میں آئس ہاکی متعارف کرائے گی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)شاہین ایئر انٹرنیشنل نے ہوابازی میں پاکستان کی پہلی نجی ایئر لائن کے طور پر 25سال مکمل کر لیے ہیں۔ کامیاب آپریشن کا دو دہائی سے مکمل کرنے پرپاکستان کی دوسری قومی ایئرلائن نے ملک میں آئس ہاکی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ شاہین ایئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، احسان صہبائی نے کہا کہ پاکستان میں آئس ہاکی کا تعارف قوم کی تاریخ میں ہمارا نام کندہ کر دے گا۔نوجوان ہمیشہ کھیلوں کے شوقین رہے ہیںاور اس میدان میں نئے امکانات کی تلاش انہیں ایسے تجربات کی جانب لے جاسکتی ہے جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہ کیا ہو۔اس اقدام کے ذریعہ شاہین ایئرقومی اور بین الاقوامی ٹیلنٹ کو سامنے لانا چاہتی ہے۔ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہونے کے باعث ہمیشہ قوم کے دل میں رہی ہے۔لہٰذا ’آئس ہاکی‘ بآسانی عوام میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہے۔ شاہین ایئر اس وقت پاکستان میں آئس ہاکی کی تربیت گاہ کی تعمیر پر کام کر رہی ہے تاکہ اس کھیل میں نوجوانوںکی شرکت کو فروغ دیا جا سکے۔ان سہولتوں میں اسپورٹس گیئر موجود ہوں گے اورپاکستان میں دلچسپی رکھنے والے کھلاڑیوں کو آئس ہاکی کے حقیقی رنک پر تربیت دی جائے گی۔ابتدائی مرحلہ میں شاہین ایئر کی اپنی ٹیم جس کا نام شاہین آئس ہاکی ٹیم ہے سنگاپور میں منعقد ہونے والے لائن سٹی ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔