چینی حکام فیصل سبحان سے تفشیش کرچکے ، شہباز بتائیں اس کے وجود سے انکار میں ڈیڑھ برس کیوں لگا: عمران
لاہور+پشاور (خصوصی نامہ نگار +بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک خارجہ معاملات میں مکمل طور پر سیاسی تنہائی کا شکار ہے، ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن مکمل نہ ہونے پر اختلافات ہیں، ہندوستان کے ساتھ پہلے سے ہی تعلقات خراب ہیں جبکہ سعودی عرب نے بھی اپنے ہاتھ اٹھالئے اور صرف چین ہی اس وقت ہمارا ساتھ دے رہا ہے، ماضی میں جب ہم طالبان سے مذاکرات یا ان کے دفترکھولنے کی بات کرتے تھے تو ہمیں طالبان خان کا نام دیا گیا لیکن آج خود افغان صدر اشرف غنی افغان طالبان کو مذاکرات کی دعوت دے رہا ہے کہ ان کو سیاسی اور قومی دھارے میں لانے کیلئے دیگر تمام جرائم سے مستثنیٰ کیا جائے گا۔ شہبازشریف نے گزشتہ 9سالوں میں 9ہزارارب روپے خرچ کئے اسکابیشتر حصہ صرف لاہور کی مہنگی میٹرواور ذاتی تشہیرپرمبنی ہے لیکن خیبرپی کے حکومت کے اعلیٰ وابتدائی ثانوی تعلیم کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ اقتدارمیں آکرسینٹ کے انتخابات کے طریق کار کوبدل دینگے، بلاواسطہ طریقہ انتخاب سے بدعنوانی کے راستے کھلتے ہیں اسی طرح سینٹ کے ساتھ ضلع اورتحصیل لیول کے ناظمین کوبھی براہ راست منتخب کرنے کیلئے قانونی ترامیم کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاورمیں میڈیاکوبریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہاکہ سابق وزیراعظم اور ان کے چیلے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی چھپانے کیلئے لگ جائیں اور کوئی خارجہ پالیسی نہ ہو توملک سیاسی تنہائی کاشکار ہوکر اسی طرح فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کے گرے لسٹ میں ہی جائے گا۔ خدشہ ہے کہ جون کے بعد ہم بلیک میں بھی جاسکتے ہیں ،وزیرخارجہ کے اقامے نکل رہے ہیں وزیرداخلہ اپنے بھائی کیلئے ٹھیکے لے رہاہے، شہبازشریف اپنے جرائم کو جوانہوںنے سی پیک میں بدعنوانی کی شکل میں کئے ہیں،کوچھپانے کی کوشش کررہے ہیں اورچائنیزحکومت نے فیصل سبحان بیرون ملک بیٹھ کرشہبازشریف کے لئے کمیشن لیاکرتاتھا۔ ڈائریکٹ ٹیکسیشن کانظام مکمل طور پر ختم ہوچکاہے اوریہی وجہ ہے کہ تیل کی قیمتیں بڑھاکر اپنے خسارے کو پوراکیاجارہاہے۔ پٹرول پربیس اور ڈیزل پر26فیصدٹیکس وصول کرکے غریبوں کی کمرتوڑی جارہی ہے ۔عمران خان نے کہاکہ پنجاب کی بیوروکریسی شہبازشریف کے کہنے پر اپنی بدعنوانی کوچھپانے کیلئے آئے روز ہڑتال کررہی ہے۔سینٹ انتخابات میں بدعنوانی کی جارہی ہے لیکن تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اپنے پارٹی احکامات کے پابندہیں کوئی بھی نہیں پھسلا ہے چھ امیدوارکھڑے کئے ہیں اور سب کامیاب ہوکررہیں گے۔علاوہ ازیںفیصل سبحان کے حوالے سے شہباز شریف کے دعوے حقیقت یا جھوٹ؟ عمران خان نے اہم دستاویز سماجی میڈیا پر ڈال دیں جس میں پی ٹی آئی رہنماوٗں نے شہباز شریف سے فیصل سبحان سے متعلق اہم سوال بھی پوچھ لئے ۔پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے کہا کہ خود کو بچانے کیلئے شریفوںکی جانب سے جھوٹ تراشنے کا سلسلہ بند نہیں ہوا ،شہباز شریف کا دعویٰ ہے کہ فیصل سبحان کا وجود ہی نہیںجبکہ دستاویزات بتا رہی ہیں کہ چینی حکام نے میریٹ ہوٹل میں فیصل سبحان سے تفتیش کی ہے ۔چینی حکام نے اسکی کمپنی سے متعلق معلومات کیلئے ایس ای سی پی سے رابطہ بھی کیا تھا ۔عمران خان نے کہا کہ ملتان میٹرو پراجیکٹ میں شریفوں کی کرپشن سے پردہ اٹھانے کی دیر تھی کہ اسے غائب کردیا گیا۔ اب قوم دیکھے کہ جھوٹ کون بول رہا ہے اور قوم تعین کرے کہ ملتان میٹرو پراجیکٹ میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی جھوٹے ہیں یا شہباز شریف۔پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ چینی ریگولیٹری باڈی کیساتھ ستمبر 2016 میں کی جانے والی خط وکتابت منظر عام پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں فیصل سبحان کے وجود سے انکار کرنے میں انہیں ڈیڑھ برس کیسے لگ گئے۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جہانگیر خان ترین نے کہاکہ جب بھی شہباز شریف غصہ میں پریس کانفرنس کرتے ہیں اس کا مطلب ہوتا ہے کہ پکڑے گئے ہیں، شہباز شریف کہتے ہیں میں کبھی جھوٹ نہیں بولتا، ان کے سینکڑوں جھوٹوں میں سے 10 جھوٹوں کی ویڈیو جاری کی ہے ، فیصل سبحان کی من گھڑت کہانی نہیں چائنہ کی کمپنی نے خط لکھا جس میں یہ اعتراف کیا گیاہے ، چین سے پاکستان کو آئے خط سے فیصل سبحان کا لوگوں کو پتہ چلا ہے، کیپٹل کنسٹرکشن سے متعلق چائنہ کی ایس ای سی پی نے انکشافات کئے، 17 ملین ڈالرز کو16 حصوں میں بانٹ کر ادائیگیاں کی گئی تھیں، خط میں لکھا گیا ہے کہ چائنہ کی ایس ای سی پی نے فیصل سبحان کا انٹرویو کیا۔ ان خیالات کا اظہار جہانگیر خان ترین نے فواد چوہدری ،عبدالعلیم خان ، شعیب صدیقی اور شوکت بھٹی کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا، انہوں نے کہاکہ پیرا گون سوسائٹی میں ندیم ضیاء کرپشن میں ملوث ہے ، احد چیمہ نیب کی حراست میں ہیں اور اس کے ذریعے کرپشن میں ملوث لوگ بھی پکڑے جا سکتے ہیں، بہت بڑا سکینڈل ہے نیب نوٹس لے اور شہباز شریف کو طلب کرے، حبیب کنسٹرکشن کمپنی بھی شریف فیملی کی ہے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ پنجاب حکومت کا ایک بھی پروجیکٹ شفاف نہیں ہے، اسحاق ڈار کی طرح چین کی جادیت کمپنی کے اثاثے بھی کئی گنا بڑھے ۔ شریف فیملی کی16 آف شور کمپنیاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کو گھسیٹنے اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سے متعلق جھوٹ بولے گئے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بنی گالہ سے متعلق عمران خان کی دستاویزات اصلی ہیں، یہ کہنا کہ 2003 میں کمپیوٹر نہیں تھا فضول بات ہے،وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہاکہ شہبازشریف چین کی کمپنی کے لکھے گئے خط کو جھوٹا ثابت کرکے دکھائیں۔ سعدرفیق بھاگنا چاہتے ہیں‘ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالاجائے۔ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے اسحاق ڈار کو بھگایا۔ نوازشریف بتا دیں ایس ای سی پی کا لیٹر جعلی ہے یا نہیں۔ فواد چودھری نے کہا پانامہ پیپرز بین الاقوامی جعلسازی کا ایک کیس تھا‘ اس لیے نوازشریف کا اسے انتخابات سے قبل دھاندلی قرار دینا غلط ہے۔ دوسری طرف تحریک انصاف بلوچستان کے پارلیمانی بورڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ عمران خان بورڈ کے سربراہ ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی‘ جہانگیر ترین‘ اسد عمر‘ سردار یارمحمد رند‘ قاسم سوری‘ خادم وردگ‘ عابدہ حسین‘ سید قربان بورڈ کے ممبر ہوں گے۔ پی ٹی آئی الیکشن سیل انچارج ارباب شہزاد بورڈ کے سیکرٹری مقرر کیے گئے۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے مارچ کے مہینے میں ملک گیر جلسوں کا اعلان کیا ہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسوں سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان 9مارچ کو شیخوپورہ ننکانہ جائیں گے جبکہ پی ٹی آئی 11 مارچ کو فیصل آباد میں میدان سجائے گی۔تحریک انصاف کا سونامی 13 مارچ کو گجرات جائے گا اور 14مارچ کو عمران خان جہلم میں جلسہ کریں گے۔اس کے بعد 15 مارچ کو پی ٹی آئی کا ملتان میں عوامی اجتماع ہوگا۔تحریک انصاف 16 مارچ کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرے گی جبکہ 17 مارچ کو عمران خان لاہور جائیں گے۔عمران خان 19سے 20 مارچ کو کراچی کا دورہ کریں گے اور شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی کا آخری جلسہ 30 مارچ کو قصور میں ہوگا۔