وطن واپس بھیجے گئے کارکنوں کے مقدمات کی پیروی کیلئے وکیل مقرر کر دیا ،پیر صدر الدین
اسلام آباد(نوائے رپورٹ) وفاقی وزیر سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ حکومت نے سعودی عرب سے وطن واپس آنے والے پاکستانی کارکنوں کی واجب الادا تنخواہوں اورملازمت کے خاتمہ پر ملنے والے دیگر فوائد کی وصولی کے لئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔اپنے چارروزہ سعودی عرب کے سرکاری دورے سے واپسی پر وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب وزیر برائے محنت اور سماجی ترقی علی بن ناصرالعویص سے ملاقات کی اور سعودی عرب سے واپس بھیجے گئے پاکستانی کارکنوں کے واجبات بشمول،پاکستان کے لئے افرادی قوت کے کوٹہ میں اضافے،اور پاکستانی فنی اداروں کے معیار کو تسلیم کرنے اور کام کرنے کی جگہوں پر حفاظت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر محنت نے کارکنوں کے واجب الادا رقوم کی جلد ادائیگی کا یقین دلایا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ چار معروف کمپنیاں بشمول میسرز بن لادن،میسرز اوگر،میسر سعد ٹریڈنگ اور میسرز ریڈکو دیوالیہ قراردی گئی تھیں ۔سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارتخانے نے بتایا کہ واپس وطن بھیجے گئے کارکنوں کے مقدمات کی پیروی کے لئے لیبر ڈیپارٹمنٹ نے ایک وکیل مقرر کیاہے۔