وزیر ریلوے نے سکھر ڈویژن میں مال گاڑی کے پٹڑی سے اترنے کی رپورٹ طلب کرلی
لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز سے سکھر ڈویژن میں مال گاڑی کی ڈی ریلمنٹ پر دس روز کے اندر مکمل تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انکوائری رپورٹ میں ڈی ڈی ریلمنٹ کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ انسپکٹر آف ریلویز کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں خامیوں کی اصلاح اور نظام کی بہتری کے حوالے سے فیصلے کئے جائیں گے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔جس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر ریلویز محمد جاوید انور ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی ، ایف اے اینڈ سی اے او ڈاکٹر محمدسعید، سی سی ایم وقار احمد شاہد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر ریلویز کو رپورٹ پیش کی گئی کہ متاثرہ ٹریک کو مرمت کرنے کے بعد اپ اور ڈائون ٹریفک کو بحال کردیاگیاہے۔