گیس لائن منصوبہ: پاکستان کے ساتھ ایران کے اختلافات شدید
اسلام آباد (شفقت علی‘ دی نیشن رپورٹ) ایرانی حکام نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور اسلام آباد سے تہران کے اختلافات شدید ہوگئے ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ایک ارب ڈالر سے زائد ہرجانے کیلئے پاکستان ایران کو ثالثی عدالت میں جانے سے روکنے کی کوشش کررہا ہے۔ گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد میں تاخیر کی منطق پر ایران پاکستان سے تنگ ہے۔ پاکستانی سینئر عہدیدار نے کہا کہ پاکستان گیس لائن منصوبے کیلئے پرعزم ہے۔ ہم ایران کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کسی بھی تاخیر میں ہماری بدنیتی شامل نہیں۔ امید ہے بات چیت کے ذریعے ایشو حل کرلیا جائے گا۔ صرف غلط فہمیاں ہیں‘ دور کرلی جائیں گی۔ گیس لائن منصوبہ زندہ ہے اور اسے منجمد نہیں کیا گیا۔ ایک اور عہدیدار نے بتایا ایران نے پاکستان سے کہا ہے کہ مذکورہ گیس لائن منصوبے پر امریکہ کی پیروی نہ کی جائے۔ ایرانی حکام کو یقین ہے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے امریکہ پاکستان کو روک رہا ہے لیکن ہم یہ تاثر زائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گیس لائن منصوبہ