جرائم پر قابو نہ پانے والے افسران سیدھا گھر جائیں گے: ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور ( سٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ماڈل ٹائون ڈویژن کی ماہِ فروری میں جرائم کے خلاف کارروائیوںکی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں ایس پی ماڈل ٹائون شاکر احمد ، تمام سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اینٹی کرائم میٹنگ کے دوران اچھی کارکردگی والے ایس ایچ اوزکو شاباش جبکہ جرائم پر قابو نہ پانے پرایس ایچ او کی سخت سرزنش کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ تھانوں میں گاڑیاں اور نفری سمیت تمام وسائل مہیا کئے گئے ہیں ۔ اس لیے ایس ایچ اوزسٹریٹ کرائم و دیگر جرائم کے خلاف موئثر کارروائیاں اورپٹرولنگ پلاننگ کے تحت سٹریٹ کرائم کو روکنے میں اہم کردار ادا کریں۔ سکولوں اور بینکوں کی سکیورٹی روزانہ چیک کی جائے۔سرچ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر کئے جائیں۔ سنیپ چیکنگ اور کرایہ داری ایکٹ پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور جرائم کی شرح میں واضح کمی لانے کیلئے سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں سے مکمل مدد اور رہنمائی لی جائے ۔