سرکاری حج سکیم: 87 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کی قرعہ اندازی ہو گئی
اسلام آباد (صباح نیوز) سرکاری حج سکیم کے تحت 87ہزار سے زائد خوش نصیب پاکستانی عازمین کے ناموں کی قرعہ اندازی ہوگئی، 80سال یا اس سے زائد عمرکے بزرگ شہریوں کو معاونین کے ہمراہ بغیر قرعہ اندازی کے سعودی عرب بھجوایا جائے گا۔ اس کیلئے کوٹہ مختص کردیا گیا ہے تین سالوں سے ناکام درخواست گزاروں کو بھی اس بار حج کی سعادت کیلئے موقع فراہم کیا جائے گا۔ دس ہزار نشستیں مختص کردی گئی ہیں، پرائیویٹ ٹورز آپریٹرزکے کوٹوں کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے فیصلہ ہونے پر حج پالیسی ساز کمیٹی میرٹ پر 59737 نجی کوٹہ تقسیم کرنے کا اعلان کردے گی، جبکہ وزیرمملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی کابینہ کے اکثریتی ارکان نے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت کوٹوں کی تقسیم کی مخالفت کردی ہے اور کابینہ میں مطالبہ کردیا گیا ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم ختم کردی جائے تمام حج نشستوں کو ایک ہی سرکاری سکیم کے تحت تقسیم کیا جائے۔ اس امر کا اظہار انہوںنے جمعرات کو یہاں وزارت مذہبی امور میں حج قرعہ اندازی کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے اس سال بھی حج قرعہ اندازی کی گئی اور خوش نصیبوں کے نام دس بجے رات سے ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہوگئے ہیں ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئر پرسن شگفتہ جمانی بھی اس موقع پر موجود تھی ۔ وزیر مملکت نے اعلان کیا کہ حج پالیسی بہت پہلے اس لیے تیار کرلی گئی تھی تاکہ پارلیمنٹ کو اس پر بات کرنے اور رہنمائی کا بھر پور موقع ملے۔ قائمہ کمیٹیوں کو حج انتظامات کے بارے میں پیشگی اعتماد میں لیا جائے گا۔ کابینہ نے حج پالیسی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے ۔ 26جنوری تک حج درخواستیں وصول کی گئیں 374857درخواستیں وصول ہوئیں جوکہ 17807گروپس پر مشتمل ہے ۔ اس سال 36161 درخواستیں زیادہ موصول ہوئیں ۔ انہوںنے بتایا کہ کوٹہ 179210 ہے 119473گورنمنٹ حج سکیم کے تحت تقسیم ہوگا اور ایک تہائی یعنی 59737پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزر میں تقسیم کیا جائے گا۔ عدالتی فیصلے کی وجہ قرعہ اندازی میں تاخیر ہوئی درخواست دہندگان کی بڑھتی ہوئی بے چینی اور جمع شدہ رقوم کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی کابینہ نے پاکستانی حج کوٹہ کے 50فیصد کی قرعہ اندازی کی اجازت دے دی ہے ۔ یہ حج کوٹہ 89605 ہے ۔ 2فیصد ہارڈ شپ سکیم کیلئے رکھا گیا ہے حج درخواستوں کی مد میں جمع رقوم کو شریعہ اکاﺅنٹ میں رکھا گیا ہے ۔ قرعہ اندازی کے دن ہی تمام کامیاب درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس معلومات دے دی جائے گی ۔ مزید معلومات کیلئے وزارت کی ویب سائٹ www.mora.gov.pkیاwww.hajjinfo.orgکو دیکھا جاسکتا ہے ۔ حج انکوائری نمبرز6980-82,9205696 051,921رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ حج ہیلپ لائن نمبر 042,111725425ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی بینک پیسے واپس کرنے میں پس و پیش سے کام لے تو درخواست گزار وزارت کے کاﺅنٹ آفیسر 051,9208465پر رابطہ کرکے اس بینک برانچ کی شکایت کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرزکے تعین کے بارے میں فیصلہ ہونے پر میرٹ کی بنیاد پر ان کا کوٹہ تقسیم کردیا جائے گا۔
حج قرعہ اندازی