حج کوئٹہ کے 50 فیصد کی قرعہ اندازی‘ 17 فیصد کا انتخاب عدالتی فیصلہ کے بعد ہو گا
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزارت مذیبی امور کے زیر اہتمام سرکاری حج سکیم کے تحت 87ہزار سے زائد خوش نصیب پاکستانی عازمین کے ناموں کی قرعہ اندازی ہوگئی ،رواں سال پرائیویٹ اور سرکاری سکیموں کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ وفاقی کابینہ کی ہدایت پر وفاقی وزارت مذہبی امور نے جمعرات کو حج کے کل کوٹہ کے پچاس فیصد کی قرعہ اندازی کی ہے۔ بقیہ 17 فیصد درخواست گزاروں کا انتخاب عدالتی فیصلہ کے بعد کیا جائے گا۔ 80سال یا اس سے زائد عمرکے بزرگ شہریوں کو معاونین کے ہمراہ بغیر قرعہ اندازی کے سعودی عرب بھجوایا جائے گا۔ اس کیلئے کوٹہ مختص کردیا گیا ہے تین سال سے ناکام درخواست گزاروں کو بھی اس بار حج کی سعادت کیلئے موقع فراہم کیا جائے گا۔ دس ہزار نشستیں مختص کردی گئی ہیں، پرائیویٹ ٹورز آپریٹرزکے کوٹوں کادوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے فیصلہ ہونے پر حج پالیسی ساز کمیٹی میرٹ پر 59737 نجی کوٹہ تقسیم کرنے کا فیصلہ کردے گی ، جبکہ وزیرمملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر امین الحسنات نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی کابینہ کے اکثریتی ارکان نے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت کوٹوں کی تقسیم کی مخالفت کی ہے اور وفاقی کابینہ کے بیشتر ارکان نے پرائیویٹ حج سکیم ختم کر حمایت کی اور کہا ہے کہ تمام حجاج کو سرکاری سکیم کے تحت سعودی عرب بھجوایا جائے گا ۔ یہ بات وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب پیر امین الحسنات نے وفاقی وزارت مذہبی امور میں حج قرعہ اندازی کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے اس سال بھی حج قرعہ اندازی کی گئی اور خوش نصیبوں کے نام دس بجے رات سے ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہوگئے ہیں ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئر پرسن شگفتہ جمانی بھی اس موقع پر موجود تھی ۔ وزیر مملکت نے اعلان کیا کہ حج پالیسی بہت پہلے اس لیے تیار کرلی گئی تھی تاکہ پارلیمنٹ کو اس پر بات کرنے اور رہنمائی کا بھر پور موقع ملے ۔ قائمہ کمیٹیوں کو حج انتظامات کے بارے میں پیشگی اعتماد میں لیا جائے گا۔26جنوری تک حج درخواستیں وصول کی گئیں 374857درخواستیں وصول ہوئیں جوکہ 17807گروپس پر مشتمل ہے ۔اس سال 36161درخواستیں زیادہ موصول ہوئیں ۔درخواست گزاروں کی رقوم اسلامی بینکاری کے تحت جمع ہوئیں اب یہ بینکاری واقعی اسلامی ہے یا نہیں حتمی رائے نہیں دے سکتا تاہم دعوی یہی کیا جاتا ہے کہ یہ اکائونٹس اسلامی بینکاری ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ 10000ہزار نشستیں بزرگ شہریوں اور تین سالوں سے ناکام رہنے والے درخواست گزاروں کیلئے متخص کی گئی ہیں ۔ کوٹہ 179210ہے 119473گورنمنٹ حج سکیم کے تحت تقسیم ہوگا اور ایک تہائی یعنی 59737پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزر میں تقسیم کیا جائے گا۔ عدالتی فیصلے کی وجہ قرعہ اندازی میں تاخیر ہوئی درخواست دہندگان کی بڑھتی ہوئی بے چینی اور جمع شدہ رقوم کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی کابینہ نے پاکستانی حج کوٹہ کے 50فیصد کی قرعہ اندازی کی اجازت دے دی ہے ۔ یہ حج کوٹہ 89605 ہے ۔ 2فیصد ہارڈ شپ سکیم کیلئے رکھا گیا ہے حج درخواستوں کی مد میں جمع رقوم کو شریعہ اکائونٹ میں رکھا گیا ہے ۔ قرعہ اندازی کے دن ہی تمام کامیاب درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس معلومات دے دی جائے گی ۔ پرائیویٹ حج سکیم کی کمپنیوں کی جائزہ کیلئے ایک کمیٹی بنائی گئی جو بالکل شفاف انداز میں اپنا کام سرانجام دے رہی ہے یہ کمیٹی اپنی رپورٹ بہت جلد حج پالیسی ساز کمیٹی کو پیش کرے گی اور ان کی سفارشات پر کوٹہ آلاٹ کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ پرائیویٹ ٹورز آپریٹرزکے تعین کے بارے میں فیصلہ ہونے پر میرٹ کی بنیاد پر ان کا کوٹہ تقسیم کردیا جائے گا۔