سعد رفیق کا رحیم یار خان میں ریلیف آپریشن میں غیر معمولی تاخیر کا نوٹس
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے رحیم یار خان کے قریب مال گاڑی کی ڈی ریلمنٹ کے حوالے سے ریلیف آپریشن میں غیر معمولی تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے گزشتہ رات ریلوے کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد جاوید انور،ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی ،چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ وقار احمد شاہد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔ وزیر ریلوے اور سینئر انتظامیہ نے رات بھر کنٹرول روم میں بحالی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے گزاری۔ اْنہوں نے کہا کہ ریلیف آپریشن میں غیر معمولی تاخیر پر پاکستان ریلوے اپنے معزز مسافروں سے معذرت خواہ ہے ۔