مسلم لیگ کو بے نام و نشان کرنے کے خواہشمند خود بے نام و نشان ہوں گے عمران کا نکاح بھی جعلی نکلے گا: رانا ثناء
لاہور(خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کی خالی نشست پر مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار کی کامیابی غیر سیاسی غیرجمہوری حرکتوں میں مصروف قوتوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے، مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی نے پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی خواہاں قوتوں کو واضح پیغام دیدیا کہ پوری جماعت میاں نواز شریف کی قیادت میں اور شہباز شریف کی صدارت میں متحد ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اسد اشرف کو 309ووٹ ملے جبکہ چار ارکان اسمبلی بیماری اور بیرون ملک ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے۔ مسلم لیگ ن کے خلاف وہی قوتیں ہیں جو کبھی قادری کا ماڈل ٹاﺅن میں میلہ لگواتی ہیں، ایک دوسرے پر لعنتیں بھیجنے والوںکو مال روڈ پر ایک کنٹینر پر اکٹھا کر دیتی ہیں۔ اور کبھی پیروں کو مسلم لیگ ن کے خلاف اکٹھا کرتی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو اس کی انتخابی شناخت سے محروم کرنا قبل ازوقت دھاندلی ہے، ملک میں کنٹرولڈ جمہوریت نہیں عوامی جمہوریت چلے گی، کچھ قوتیں نیب کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہیں، چیئرمین نیب اپنی نیک نامی کو برقرار رکھتے ہوئے نیب کی طاقت کے غلط استعمال کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہماری جماعت ہے اور نوازشریف ہمارے قائد مسلم لیگ (ن) کو بے نام و نشان کرنے کی خواہش کرنے والے خود بے نامو نشان ہوں گے۔ قبل ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثناءکاکہنا تھا کہ گھر کے نقشے کی طرح عمران کا نکاح بھی جھوٹا نکلے گا سچا ہے تو رجسٹرڈ کیوں نہیں کرواتے۔
رانا ثناء