فیصل سبحان کے لیے عمران کسی پیر سے استخارہ کرائیں‘ طلال چوہدری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی مفاد کیلئے چین جیسے دوست ملک کو تنازعات میں گھسیٹناخطرناک طرز عمل ہے۔ عمران خان سمیت پوری تحریک انصاف کو اگر فیصل سبحان نامی شخص نہیں مل رہا تو اس کی تلاش کیلئے وہ کسی پیر سے استخارہ کروالیں۔ وزیر مملکت نے جمعرات کی شپ اجلاس کے اختتام سے پہلے یہ ذو معنی بات، تحریک انصاف کے شہر یار آفریدی کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہی جس میںانہوں نے کہا تھا کہ فیصل سبحان نامی شخص میٹرو ملتان کے منصوبہ کی کرپشن میں ملوث ہے اور اس کے بارے میں چین نے بھی ایس ای سی پی کو خط لکھا ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ فیصل سبحان نامی شخص کسی قسم کی تحقیقات میں کسی پاکستان اور چین کے کسی ادارے کو نہیں مل رہا۔ اس طرح کی بیان بازی سے عمران خان چین جیسے دوست ملک پر بھی اثر ڈال رہے ہیں۔ پہلے جاوید صادق نامی آدمی کے حوالہ سے الزام عائد کیا گیا ۔ جب نوٹس لیا گیا تو یہ عدالت آئے نہ انہوں نے معافی مانگی۔ ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا تو یہ وہاں سے بھی بھاگ گئے۔ دیگر بے بنیاد الزامات پر بھی ان کی یہی پوزیشن ہے۔