سی پیک علاقائی روابط بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا، ناصر جنجوعہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) مشیر سلامتی لیفٹننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاک چین معاشی راہداری منصوبہ علاقائی روابط بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔ انہوں نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سے ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ملاقات میں ایک خطہ ایک سڑک کے اقدامات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جب کہ ناصر جنجوعہ اور ڑو وین ہونگ کی ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ مشیر سلامتی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے بہت قریبی تعلقات ہیں۔چین کا اپنا انتہائی قابل اعتماد دوست اور شراکت دار سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران سی پیک کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات ہوئی۔یقین ہے کہ سی پیک علاقائی روابط بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔سی پیک سے پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔سی پیک علاقائی خوشحالی اور خطے میں پائیدار امن کی کنجی ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے تعمیری کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ مشیر سلامتی نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ملکوں سے تعاون پر مبنی تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔ اس موقع پر ڑو وین ہونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے بڑھتے تعلقات اور باہمی تعاون قابل اطمینان ہے۔چین باہمی خوشحالی اور دوطرفہ تعاون کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔