پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن ابتدائی مراحل میں ہے: نجکاری کمشن کا ہائیکورٹ میں جواب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) قومی ائیر لائن پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف دائر درخواست میں نجکاری کمشن کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا ۔ نجکاری کمشن نے کہا ہے کہ نجکاری ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے ادارے کی بحالی کے لئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار مقامی وکیل نے عدالت کو آ گاہ کیا کہ حکمران جماعت قومی ایئر لائن من پسند افراد کو فروخت کرنا چاہتی ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنی ایئرلائن کو نفع پہنچانے کے لئے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو ہر صورت فروخت کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم دے۔ نجکاری کمشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اس حوالے سے تمام فریقین سے مشاورت کی جا رہی ہے ۔ عدالت نے دیگر فریقین کو جواب داخل کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے سماعت بیس مارچ تک ملتوی کر دی۔