عرس خواجہ معین الدینؒ: بھارت نے سینکڑوں پاکستانوں کی درخواستیں مسترد کر دیں
لاہور (صباح نیوز) بھارت نے پاکستانی زائرین کے مذہبی ویزوں پر غیر علانیہ پابندی لگا دی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان سے ہر سال سیکڑوں زائرین حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے عرس میں شرکت کے لیے اجمیر کا رخ کرتے ہیں، اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک معاہدہ بھی موجود ہے، جس کے تحت بھارت 500 پاکستانیوں کو عرس میں شرکت کے لئے ویزے جاری کرنے کی پابند ہے۔ رواں برس بھی سیکڑوں پاکستانیوں نے بھارتی ہائی کمیشن کو ویزوں کے لئے درخواستیں دی تھیں تاہم عرس کے آغاز سے چند روز قبل بھارتی حکام نے تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔ جس کے نتیجے میں اب پاکستانی عرس میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ اس سے قبل دسمبر میں بھی بھارت نے پاکستانی زائرین کو حضرت خواجہ نظام الدین اولیائؒ کے عرس میں شرکت سے روک دیا تھا۔