ایل او سی پر فائرنگ، بزرگ شہری شہید، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو جمعرات کے روز دفتر خارجہ طلب کر کے ایک اور احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فورسزکی جانب سے کنٹرول لائن کے کوٹلی ،جندروٹ اور چیری کوٹ سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ سے ہونے والی جانی اور مالی نقصان کی مذمت کی گئی ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق جمعرات کے روز کنٹرول لائن پر کوٹلی ،جندروٹ اور چیری کوٹ سیکٹرز میں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال خود کار اسلحے اور راکٹوں کے حملے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔بھارتی گولہ باری کے نتیجے میںڈھیری گاوں کا ستر سال کا شہری محمد نذیر شہید اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ضبط و تحمل کے مطالبے کے باوجود بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک گھناونا،انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے منافی اقدام ہے۔بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اوراپنی فورسز کو سیز فائر معاہدے کی پاسداری کا پابند بنائے۔