چین کیساتھ مستقبل میں سرحدی کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے: بھارتی نائب وزیر دفاع
لاہور (نیوز ڈیسک) بھارتی نائب وزیر دفاع سبھاش بھمری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ بھارت کی سرحد انتہائی حساس اہمیت کی حامل ہے جہاں مستقبل میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ اس علاقے میں چینی فوج کی نقل و حمل اور عسکری پیش رفت کے واقعات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ نئی دہلی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ اعتماد کی بحالی کے اقدامات جاری رکھیں گے۔ مگر اپنی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہرممکن قدم بھی اٹھاتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان 4 ہزار کلو میٹر کا سرحدی علاقہ ’’ایل اے سی‘‘ لائن آف ایکچوئل کنٹرول کہلاتا ہے۔ جہاں بھوٹان سے متصل وادی ڈوکلام پر دونوں ملکوں میں کشیدگی جاری ہے۔