پیپلز پارٹی نے کل سینٹ انتخاب میں سرپرائز دینے کی امید لگالی
اسلام آباد (عترت جعفری) کراچی میں ایم کیو ایم میں ’’پھوٹ‘‘ فاٹا سے بعض اہم رہنماؤں کی پی پی پی میں شمولیت، پنجاب میں مسلم لیگ کے ارکان کی آزاد حیثیت کے بعد پی پی پی نے سینٹ کے ہفتہ کو منعقد ہونے والے انتخابات میں ’’سرپرائز‘‘ دینے کی امید باندھ لی ہے۔ پی پی پی کے اندرونی ذرائع جو پہلے اپنے 18 ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کی جگہ گیارہ یا 12 سینیٹرز کے انتخاب ہونے پر یقین رکھتی تھی اب ایک بار پھر اس سے کہیں زیادہ کی توقع لگائے ہوئے ہے۔ ایک ذمہ دار رہنما نے کہا ہے کہ ہمیں پہلے فاٹا سے امید نہیں تھی مگر اب ہمارے 4امیدوار میدان میں ہیں اور ہم فاٹا سے کچھ نہ کچھ ملنے کی توقع کررہے ہیں۔ اس طرح ایم کیو ایم کی پھوٹ کا فائدہ بھی پی پی پی ہی کو ملے گا۔ کے پی کے سے کامیابی کی کچھ امید بندھی ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے بلاول بھٹو زرداری سے سینٹ کے حوالے سے سوالات ہوئے جن کے جواب میں انہوں نے آئندہ چیئرمین پی پی پی سے ہونے کی خواہش اور غیر معمولی کارکردگی کی توقع ظاہر کی۔ تاہم انہوں نے براہ راست بھاری کامیابی کا دعویٰ نہیں کیا۔