افغانستان میں امن خطہ کے استحکام کیلئے ضروری ہے، ایران
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ایران نے پاکستان کے اس مئوقف سے اتفاق کیا ہے کہ افغانستان کی امن و سلامتی، خطہ کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ایرانی فضائیہ کے سربراہ بریگیڈئر جنرل حسن شاہ صفی نے اپنے وفد کے ہمراہ مشیر سلامتی لیفٹننٹ جنرل (ر)ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی تعاون میں اضافے کے امکانات اور خطہ میں سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے مشیر سلامتی نے کہا کہ ایران ، ہمارا ہم پڑوسی ہی نہیں بلکہ ایسا برادر ملک ہے جس کے ساتھ قدیم دینی، تہذیبی اور تاریخی روابط استوار ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اور ایران کا یکساں تابناک مستقبل ہے جس کیلئے دو طرفہ تعاون بڑہانے کی ضرورت ہے۔ایرانی ائر چیف نے بھی ان ہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کو ہر ممکن قریب آنے کی ضرورت ہے۔مشیر سلامتی نے دونوں ملکوں کو علاقائی اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے باہمی تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔ایرانی ائر چیف نے علاقائی سلامتی کے حوالہ سے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے اس مئوقف سے اتفاق کرتا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام ، خطہ کیلئے استحکام کیلئے اشد ضروری ہے۔انہوں نے مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور یگانگت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایرانی کمانڈر کے بعض تحفظات اتفاق کرتے ہوئے مشیر سلامتی نے کہا کہ ،پاکستان کسی کی طرف داری کئے بغیر خطہ اور مسلم دنیا میں یکجہتی کی کوشش کر رہا ہے۔پاکستان اور ایران کو درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے صبر و تحمل کی ضرورت ہے۔