صحافیوں کے احتجاج پر سینٹ الیکشن کی کوریج پر عائد پابندی واپس لے لی گئی
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے صحافیوں پر 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن کی کوریج کرنے پر عائد کی گئی پابندی شدید احتجاج کی وجہ سے واپس لے لی ۔ اس حوالے سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکارکرتے ہوئے واپس نہ لینے کی صورت میں پولنگ کے روز احتجاج کی دھمکی دے دی تھی ۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت کو پولنگ بوتھ بنانے کے ساتھ میڈیا کے لیے نو گو ایریا قرار دیتے ہوئے صحافیوں پر 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن کی کوریج کرنے پر پابندی عائد کردی۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ صحافیوں کو پارلیمنٹ ہائوس کی عمارت اور پریس گیلری میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ اس فیصلے سے الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی آگاہ کردیا۔ بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا کے نوٹس میں جب میڈیا پر کوریج کی پابندی کی بات آئی تو انھوں نے فوری طور پر اس کا نوٹس لے لیا اور چاروں صوبائی اسمبلیوں اور اسلام آباد کے لئے ہدایات جاری کر دیں کہ میڈیا کے کوریج پر لگی پابندی فوری طور پر ہٹا دی جائے ۔الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ میڈیا کو سینٹ الیکشن کیلئے اندر داخلے کی اجازت دی جائے کیونکہ میڈیا ہمارا اہم ستون ہے میڈیا سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ معمول کے مطابق اپنی پریس گیلری میںجائیں اس سلسلے میں سپیکر قومی اسمبلی نے بھی سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب سے رابطہ کیا۔