فیصل سبحان: شہباز جھوٹ بول رہے ہیں یا تحقیقات کرنیوالے چینی؟ عمران
پشاور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں پیسہ چلتا ہے، مجھے بھی سینٹ الیکشن میں آفر ہوئی تھی۔ وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں پارلیمانی پارٹی کی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ امریکا میں براہ راست انتخاب کے ذریعے سینٹر منتخب ہوتا ہے لیکن ہمارے یہاں سینٹ الیکشن میں پیسہ چلتا ہے۔ پیسے کے بل بوتے پر سینیٹر آتا ہے تو وہ کرپشن ہی کرتا ہے۔ اس نظام کر بدلنا ہے جو ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دیتا ہے۔ انشاء اللہ 2018ء کا الیکشن جیت کر سینٹ کے براہ راست الیکشن کرائیں گے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلی خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ پچھلے سینٹ الیکشن میں بھی بلا مقابلہ امیدوار منتخب کرنے کا کہا تھا، مگر اپوزیشن اتفاق نہیں کیا۔ اس دفعہ سپیکر نے تمام پارٹیوں سے رابطہ کیا کہ اپنے حصے کے مطابق سینٹ الیکشن میں بلا مقابلہ اپنے امیدوار منتخب کریں، پھر بھی کسی نے اتفاق نہیں کیا۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں عمران خان نے شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے اب جھوٹ کون بول رہا ہے، ملتان میٹرو میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی یا شہباز شریف ‘ فیصل سبحان سے انکار پر شہباز شریف کو ڈیڑھ سال کیسے لگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن کے لیے بہت آفرز ہوئے لیکن ہمارے ایم پی ایز بکنے والے نہیں، جن کے پاس نمائندگی نہیں انہوں نے بھی دودو امیداوار کھڑے کئے ہیں۔ 2018کا الیکشن جیت کر سینٹ الیکشن اور ناظمین کا انتخاب ڈائریکٹ کرائیں گے ۔ ہمارے چھ امیدوار ہونگے اور انکو جتانے کی کوشش کرائیں گے۔ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی، صوبائی حکومت کی کارکردگی دوسرے صوبوں سے بہتر ہے ۔خیبر پی کے حکومت نے تعلیم،صحت اور پولیس اصلاحات میں بہت اچھا کام کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سونامی کا بین الاقوامی اداروں سے آڈٹ کروایا گیا ہے ۔پنجاب میں جنگلات ختم ہو رہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اب طالبان سے بات کرنے کا کہہ رہا جب میں طالبان سے بات کرنے کا کہتا تو مجھے طالبان خان کہتے تھے ۔ہماری خارجہ پالیسی ناکام ہے پاکستان قرضوں کے دلدل میں پھنستا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے مارچ کے مہینے میں ملک گیر جلسوں کا اعلان کیا ہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسوں سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان 9مارچ کو شیخوپورہ ننکانہ جائیں گے جبکہ پی ٹی آئی 11 مارچ کو فیصل آباد میں میدان سجائے گی۔تحریک انصاف کا سونامی 13 مارچ کو گجرات جائے گا اور 14مارچ کو عمران خان جہلم میں جلسہ کریں گے۔اس کے بعد 15 مارچ کو پی ٹی آئی کا ملتان میں عوامی اجتماع ہوگا۔تحریک انصاف 16 مارچ کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرے گی جبکہ 17 مارچ کو عمران خان لاہور جائیں گے۔عمران خان 19سے 20 مارچ کو کراچی کا دورہ کریں گے اور شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی کا آخری جلسہ 30 مارچ کو قصور میں ہوگا۔
تحریک انصاف‘جلسے