قوموں کی ترقی کا راز اعلیٰ اور تحقیقی علم کے حصول میں ہے،ملک عبدالقیوم
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چئیرمین سینٹر لیفٹیننٹ جنر ل (ر) ملک عبدالقیوم نے کہاکہ قوموں کی ترقی کا راز اعلیٰ اور تحقیقی تعلیم کے حصول میں ہے۔آج 90 لاکھ پاکستانی ہنر نہ ہونے کے باعث بیرون ملک مزدوری پر مجبور ہیں اگر ان کے پاس ہنر اور تکنیکی تعلیم ہوتی تو پاکستان کا بیرونی ریونیو کئی گنا بڑھ سکتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ائیر فائونڈیشن سکول کی سالانہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا آج پورے ملک میں یکساں تعلیم کے نظام ، تکنیکی اور انجنئیرنگ کی تعلیم کے فروغ اور اس کے معیار کو بہتر بنانے کی شدید ضرورت ہے تاکہ پاکستان کے معروضی حالات اور ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جاسکے۔سینٹر عبدالقیوم نے کہا اس کا احساس محسن پاکستان سرسید احمد خان نے 1857کی جنگ آزادی کی نا کامی کے بعد زیر عتاب مسلمان قوم کو دلایا تھا اور اس سلسلے میں انہوں نے نہ صر ف علی گڑھ جیسے مایہ ناز تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی بلکہ کئی رسائل بھی تحریر کئے ہم نے آج بد قسمتی سے چاروں صوبوں کے تعلیمی نظام پر دھیان نہیں دیا جس کی اشد ضرورت ہے۔اس موقع پر سکول کے پرنسپل راشد ملک اور سنیئر صحافی ناصرمیر نے بھی خطاب کیا آخر میں سینٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے پوزیشن ہولڈر طالب علموں میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔