تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) طلباء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور تعلیمی ترقی کے بغیر کوئی بھی قوم کامیابی کی منازل طے نہیں کرسکتی۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت شرح خواندگی کو بڑھانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔اسی لئے ضروری ہے کہ طلباء اور اساتذہ بھی اس کام میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں اور پاکستان کو دنیا کی عظیم اقوام میں شامل کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ نیو اسلامیہ ماڈل سکینڈری سکول میں منعقدہ سالانہ نتائج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ادارہ حماد الرحمن لودھی نے کیا۔ اس موقع پر مسعود الرحمن قریشی‘ راجہ گل نواز‘ عبدالرشید‘ ملک یاسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سکول کونسل کے ممبران نے ادارہ کے گزشتہ دوسال کے پنجم‘ ہشتم‘ نہم اور دہم کے نتائج کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ سالوں میں ان کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے گا اور طلباء کی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کے لئے حتی المقدور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ تقریب کے آخر میں ادارہ ہذا میں وزیراعلی پنجاب کی طرف سے منعقد کرائے گئے قرآت‘ نعت خوانی‘ تقاریر اور کھیلوں میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء اور امتحانات میں اعلی پوزیشن لینے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔تقریب کے آخر میں معلم تنویر کیانی نے ملک و قوم کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کرائی۔