مسلم لیگ ن شہبازشریف کی قیادت میں مزید مستحکم اور فعال ہوگی ،چوہدری مامون انور
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ)مسلم لیگ ن حلقہ این اے 54کے رہنما چوہدری مامون انورنے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نئے صدر وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کی قیادت میں مزید مستحکم ہوکر ابھرے گی شہبازشریف ہمارے اوراپنے قائد نوازشریف کی پالیسیوں ان کی مشاورت سے لیکرآگے چلیں گے ،شہبازشریف کی بطورپارٹی صدرتقرری سے مسلم لیگ ن کے عہدیداران،کارکنان اور سپورٹرز میں ایک نیا جوش وولولہ پیدا ہوا ہے نوازشریف کو نااہل کرکے مسلم لیگ ن کی سیاست کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والے شدید مایوسی کاشکار ہیں۔ اب اپنی سازشوں پر پچھتا رہے ہیں کیونکہ شہبازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن ملک بھرسے ریکارڈ کامیابی حاصل کریگی اور شہبازشریف ہی اگلے وزیراعظم پاکستان ہیں ،ملک کی تعمیر و ترقی کا جو سلسلہ نوازشریف نے شروع کیا ہے شہبازشریف اسی سلسلے کو آگے بڑھائیں گے ،ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے مرکزی آفس رینج روڈ میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کے ایک وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چوہدری مامون انورنے کہا کہ عوام بخوبی سمجھتے ہیں کہ ملک کواگرکوئی سیاسی جماعت ترقی یافتہ بناسکتی ہے تو وہ صرف اورصرف مسلم لیگ ن ہی ہے آئندہ الیکشن میں ایک بارپھر ن لیگ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر چاروں صوبوں اوروفاق میں حکومتیں قائم کریگی۔