پی ٹی ڈی سی نے طلبا و طالبات کیلئے اسلام آباد سٹی ٹور کا آغاز کر دیا ،چوہدری عبدالغفور
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹور ازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن ،چوہدری عبدالغفور خان نے کہا ہے کہ طلباء ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور آنے والے وقتوں میںانہوں نے ہی ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکن گرامر اسکول اینڈ کالجز کے ساتویں سالانہ تقریب ِ تقسیمِ انعامات سے بطور مہمان ِ خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔ چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ مجھے بچوں کی پرفارمنس اور کارکردگی دیکھ کربہت خوشی ہو رہی ہے کہ ان میں آگے بڑھنے کی صلاحیتیں موجود ہیں۔ اس سلسلے اس تعلیمی ادارے کے منتظمین اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی بدولت قوم کے معمار علم کی روشنی سے فیض یا ب ہوتے ہیں۔ تعلیم انسان کی زندگی کا وہ مرحلہ ہے جس میں والدین اور اساتذہ کی تربیت تمام عمر انسان کا ساتھ دیتی ہے۔ طلبا و طالبات کو چاہیئے کہ گروپس اور والدین کے ساتھ اپنے وطن کی سیر کریں اور دیکھیں کی قدرت نے کس قدر فیاضی سے ہمارے ملک کو نوازا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں اور اس کی تفریح سے لطف اندوز ہوں۔ پی ٹی ڈی سی آپ کیلئے خصوصی رعائیت اورپیکجز بھی ترتیب دے گی۔ طلبا و طالبات اور فیملیز کیلئے پی ٹی ڈی سی نے اسلام آباد میںسٹی ٹور کا آغاز کر دیا ہے جو کامیابی سے جاری ہے۔ ملک میں سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے ٹورازم سیکٹر کو میں نے مختلف سب سیکٹرز میں تقسیم کیا ہے تا کہ ہر شعبہ پر الگ سے مکمل تو جہ دی جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف یو نیورسٹیز جس میں COMSATS، Superior اور پنجاب یو نیورسٹی سے MOU سائن کرنے جا رہے ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ ہم پرائیوٹ سکول ایسو سی ایشن کے ساتھ بھی میٹنگز کر چکے ہیں تاکہ ان یو نیورسٹیز اور سکولز کے سٹوڈنٹس ہمارے پاس آئیں اور آؤٹ ڈور ایجوکیشن کو فروغ دیا جا سکے ۔ ہم مختلف یو نیورسٹیز کے پروفیسرز کا تھنک ٹینک بنا رہے ہیں جو کہ ہمیں ٹورازم پرتجاویز دیں گے اور ہم اس پر عملدآمدد کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کنو ردلشاد نے کہا کہ ملک میں طلبا و طالبات میں سیاحت کے متعلق شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے خوشی ہے کہ چوہدری عبدالغفور خان کی قیادت میں پاکستان ٹورازم اس مشن کیلئے کوشاں ہے۔ پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی منہ بولتا ثبوت ہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے کام شروع ہوچکا ہے۔ تقریب کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور نے نمایاں کار کردگی پیش کرنے والے اساتذہ اور طلبا و طالبات میں ایوارڈز تقسیم کیے۔